Friday, 25 February, 2005, 11:50 GMT 16:50 PST
افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں طالبان نے حملہ کر کے نو افغان فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ہلمند کے گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ حملہ جمعرات کی رات گئے پاکستان کی سرحد کے نزدیک چاکل کے علاقے میں کیا گیا۔
حاجی ولی محمد کا کہنا تھا کہ ’ ان فوجیوں سے ہمارا رابطہ جمعرات کی رات کو ہوا تھا اور جمعے کو ان کی لاشیں ملی ہیں۔ حکام حملہ آوروں کا پتہ لگا کر رہیں گے‘۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو فوجی افسران اور سات سپاہی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی گاڑی اور ہتھیار بھی غائب ہیں۔
طالبان کے ترجمان ملا لطیف حکیمی کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ان کے جنگجؤوں نے کیا ہے اور وہ سرکاری اتحادی افواج پر اپنے حملے جاری رکھیں گے۔
چاکل کے علاقے میں پہلے بھی ایسے حملے ہوتے رہے ہیں تاہم یہ پچھلے چند ماہ کے دوران سرکاری فوج پر ہونے والا سب سے خونریز حملہ ہے۔