http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 25 February, 2005, 03:32 GMT 08:32 PST

امریکی تشدد: معظم بیگ کا الزام

گوانتانامو بے میں دو سال قید رہنے کے بعد رہا ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی شہری معظم بیگ نے بھی امریکی فوجیوں فوجیوں پر ایذا رسانی کے الزامات لگائے ہیں۔

معظم بیگ نے برطانوی ٹی وی ’چینل فور‘ پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کہ گوانتاناموبے منتقلی سے قبل افغانستان میں بگرام کے فوجی اڈے میں انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنیا گیا۔

انہوں مزید بتایا ہے کہ بگرام ہی میں ان کے سامنے دو قیدیوں کو اتنا مارا گیا کہ وہ مبینہ طور پر ہلاک ہوگئے۔

اس سے پہلے مراکش کے دارالحکومت رباط میں گوانتاناموبے میں قید رہنے والے پانچ مراکشی باشندوں نے خود پر چلائے جانے والے مقدمہ کی کارروائی کی دوران الزام لگایا ہے کہ قید کے دوران بارہا امریکی فوجیوں نے انہیں برہنہ کیا۔
ان کا کہنا کہ اس کے علاوہ ان کے ہاتھ باندھ کر ان پر کتے بھی چھوڑے جاتے رہے۔

امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے گوانتانامو بے میں قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات کے بارے میں از سرِ نو تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔

اس سلسلے میں باقاعدہ اندرونی تحقیقات کا حکم امریکہ کی جنوبی کمان کے سربراہ نے دیا ہے۔ کیونکہ گوانتانامو بے ان کے دائرۂ عمل میں آتا ہے۔
دو ماہ قبل ایسی دستاویزات شائع ہوئی تھیں جن میں ایف بی آئی کے اہلکاروں نے 2002 کے دوران گوانتانامو بے میں تفتیشی طریقہ کار پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ان دستاویزات میں ایک ایف بی آئی ایجنٹ کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ اس نے گوانتانامو بے میں قیدیوں کو ایک وقت میں چوبیس گھنٹے تک اس حالت میں دیکھا تھا کہ ان کے ہاتھ ان کے پاؤں کے ساتھ بندھے ہوئے تھے اور وہ اکڑوں حالت میں پڑے تھے۔