http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 15 February, 2005, 08:32 GMT 13:32 PST

چین میں دھماکہ، 203 ہلاک

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے کہا ہے کہ چین میں کوئلے کی ایک کان میں گیس کے سبب ہونے والے دھماکے سے کم از کم 203 کارکن ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے شہر فُوکسِن سٹی میں پیش آیا جس کے باعث بائیس افراد زخمی بھی ہوئے اور تیرہ کان میں پھنس گئے ہیں۔

زلزلے کے بعد 794 فٹ گہری سُنجیاوان نامی اس کان میں پیر کو ہونے والے اس دھماکے کے فوراً بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کانوں میں پیش آنے والے ان واقعات میں تحفظ کے حوالے سے چین کا ریکارڈ خاصا مایوس کُن ہے۔ البتہ حالیہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کانوں کی کھدائی سے متعلق ایک مقامی افسر نے خبر رساں اینسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم نے اس قدر بڑا حادثہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔‘

چین کے سرکاری ٹی وی پر نشر کردہ رپورٹ کے مطابق ملک کے صدر ہیو جنتاؤ اور وزیراعظم وین جیاباؤ نے مقامی حکام سے کہا ہے کہ وہ کان میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لیے ’ہر ممکن اقدام‘ کریں۔