Thursday, 27 January, 2005, 01:03 GMT 06:03 PST
برطانیہ میں پولیس نے ان چار افراد کو رہا کردیا ہے جنہیں گوانتانامو سے امریکیوں نے منگل کو رہا کیا تھا۔
معظم بیگ، فیروز عباسی، رچرڈ بیلمار اور مارٹن مبانگا کو بدھ کی شام برطانوی فضائیہ کا ایک طیارہ برطانیہ لایا تھا جس کے بعد انہیں انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت چوبیس گھنٹے برطانوی پولیس نے حراست میں رکھنے کے بعد کسی الزام کے بغیر رہا کر دیا۔
یہ چاروں برطانوی شہری گوانتانامو میں گزشتہ تین سال سے محض شک کی بنا پر اسیر تھے۔
برطانیہ پہنچتے ہی انہیں پھر گرفتار کر لیا گیا۔ انہیں لندن کے پیڈنگٹن گرین پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا تھا۔ جہاں حفاظت کے انتہائی کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔
رہائی پا کر برطانیہ آنے والے ان لوگوں میں ایک کا تعلق برمنگھم سے ہے جب کہ تین لندن کے رہنے والے ہیں اور امریکہ کو ان پر شبہ تھا کہ ان کا تعلق القاعدہ سے ہے۔
پولیس اسٹیشن میں ان چاروں کے پہنچنے سے پہلے ہی احتجاج کرنے والے لوگ جمع ہو گیے تھے لیکن پولیس کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کی تحقیق کرنا چاہتی ہے کہ ان چاروں برطانوی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کے اصل اسباب کیا تھے۔
![]() ایک اسیر معظم بیگ جن کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے نے کبھی انہیں اپنی اذیت سے آگاہ نہیں کیا |
بتایا گیا ہے چاروں اسیروں کی برطانیہ پہنچنے پر پولیس نے فلم بنائی بھی بنائی اور اس کارروائی میں پولیس کے ساتھ دو غیر جانبدار مبصر بھی تھے جن میں ایک مسلمان تھا۔