Tuesday, 18 January, 2005, 03:46 GMT 08:46 PST
برطانیہ کے شہر لیئسٹر کی ایک عدالت نے پچیس افراد کو جعلی شادیاں کرانے کے جرم میں کل پینتیس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
ان افراد نے جعلی شادیاں کرانے کا ایک نیٹ ورک قائم کیا ہوا تھا اور اس کے سرغنہ لیئسٹر کے پچاس سالہ سلیم ملان اور ایسٹ ہیم لندن کے سڑسٹھ سالہ ابراہیم عمرجی تھے۔ دونوں نے غیرقانونی طور پر برطانیہ میں آنے والے افراد کی مدد کرنے کا اعتراف کیا۔
لیئسٹر کے کراؤن کورٹ کو بتایا گیا گینگ نے کئی افراد کی جعلی شادیاں کروائیں تاکہ برطانیہ کے امیگریشن سسٹم کو استعمال کر کے ان کو امیگریشن دلوائی جا سکے۔
سلیم اور ابراہیم کو چار سال قید کی سزا سنائی گئی۔ سلیم ملان کی اہلیہ جہارہ کو منی لانڈرنگ کے جرم میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔
![]() ابراہیم عمر جی نے غیرقانونی طور پر برطانیہ میں آنے والوں کی مدد کا اعتراف کیا ہے |
چھبیس افراد کو سزا سناتے ہوئے جج سائمن ہیمونڈ نے کہا کہ ’سزا سے اس عوامی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے کہ اس طرح کے پیسہ کمانے کے جعلی کاموں سے دوسروں کو روکا جا سکے‘۔
انہوں نے کہا کہ اس کام کو کرنے کا برطانوی شہریوں کا مقصد پیسہ کمانا تھا اور بھارتی باشندوں کا برطانیہ میں داخل ہونا اور یہاں رہنا تھا۔
سزا پانے والوں میں سے چودہ خواتین تھیں۔ گینگ نے کل 36 شادیاں کروائی تھیں جن میں سے کچھ برطانیہ اور کچھ بھارت میں انجام پائی تھیں۔