http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 16 January, 2005, 00:36 GMT 05:36 PST

حج پر سخت حفاظتی انتظامات

سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ حج کے موقع پر مکہ میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور تقریباً پچاس ہزار پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

وزارتِ داخلہ کے ترجمان بریگیڈیر منصور الترکی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی بنیادی ذمہ داری ہجوم کو کنٹرول کرنا ہو گا تاکہ ماضی کی طرح بھگدڑ اور افراتفری میں حاجیوں کی ہلاکت کے واقعات دوبارہ نہ دہرائے جا سکیں۔

تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی فورسز شدت پسندوں کی طرف سے کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لیے بھی تیار رہیں گی۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ حج کے دوران کسی بھی طرح کے سیاسی اجتماع کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس سال پوری دنیا سے پندرہ لاکھ کے قریب لوگ سعودی عرب حج کرنے کے لیے آ رہے ہیں۔

سعودی عرب میں گزشتہ اٹھارہ مہینوں میں تشدد کی ایک لہر دوڑ رہی ہے اور اس دوران تشدد کی واقعات میں ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔