Wednesday, 12 January, 2005, 01:01 GMT 06:01 PST
عراق کے وزیر اعظم ایاد علاوی نے پہلی مرتبہ اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ملک میں جاری تشدد کی وجہ سے کچھ علاقوں میں اس ماہ ہونے والے الیکشن کے لئے ووٹنگ نہیں ہوسکے گی۔
مسٹر علاوی نے کہا کہ ملک میں ایسے علاقے ضرور ہیں جو انتخابات میں حصہ نہیں لے پائیں گے لیکن یہ زیادہ بڑے علاقے نہیں ہیں۔ عراقی وزیر اعظم کا یہ بیان ایک ایسے دن سامنے آیا ہے جب ملک میں مختلف واقعات میں پندرہ افراد ہلاک ہوئے۔
عراق کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اس سال کے بجٹ میں دو اعشاریہ دو ارب ڈالر کی رقم ملک کی سیکورٹی فورسز کو مستحکم کرنے کے لئے مختص کئے ہیں جو تیس جنوری کو ہونے والے انتخابات کے دوران سیکورٹی کی ذمہ دار ہوں گی۔
مسٹر علاوی نے یہ بھی کہا کہ وہ سیکورٹی فورسز کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ کررہے ہیں۔