Wednesday, 05 January, 2005, 13:07 GMT 18:07 PST
ترکی کے وزیر خارجہ عبداللہ گل نے ترکی کی اس پیشکش کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کاری کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے رملہ میں اپنے فلسطینی ہم منصب نبیل شاتھ سے ملاقات کے بعد یہ بیان دیا ہے۔
عبداللہ گل کا کہنا ہے کہ ترکی مشرق وسطٰی میں امن کے عمل کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ ترکی ان چند ممالک میں شامل ہے جنہیں دونوں فریقین کا اعتماد حاصل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ترکی غزہ کی تعمیر نو کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب فلسطینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ ترکی کی جانب سے امن کے عمل کے لیے مذاکرات کاری کا خیر مقدم کریں گے۔
عبداللہ گل نے یروشلم میں منگل کے روز اسرائیلی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تھی جبکہ فلسطینی وزیر اعظم احمد قریع سے ان کی ملاقات جلد ہی متوقع ہے۔
توقع ہے کہ وہ پی ایل او کے چیئر مین محمود عباس سے بھی ملیں گے۔