Friday, 31 December, 2004, 09:01 GMT 14:01 PST
غزہ کے علاقے میں خان یونس کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی میزائل کے حملے میں کم ازکم دو فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ مصر کی سرحد کے نزدیک ایک سولہ سالہ فلسطینی لڑکے کو گولی مار دی گیی ہے
تازہ ہلاکتوں کے بعد بدھ کوخان یونس میں اسرائیلی فوج کے داخلے کے بعد سے ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اب بارہ ہوگئی ہے۔
اس سے پہلے جمعرات کو اسرائیلی میزائل کے حملے میں چار فلسطینی مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک عام شہری جبکہ تین شدت پسند شامل تھے۔
ان افراد کے علاوہ پانچ دیگر افراد بھی اسرائیلی فوج کی گولیوں کا شکار ہوئے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد قریبی یہودی آبادیوں پر ہونے ولے مارٹر بم حملوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر 1967 سے قبضہ کر رکھا ہے۔
اسرائیلی وزیرِاعظم غزہ کے علاقے میں ا کیس یہودی بستیوں میں آباد آٹھ ہزار یہودیوں اور ان کی حفاظت پر مامور اسرائیلی فوج کو علاقے سے نکالنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
اسرائیل اس انخلاء کے باوجود غزہ کی بحری، بری اور فضائی سرحدوں پر اپنی عملداری قائم رکھے گا۔