Wednesday, 29 December, 2004, 05:44 GMT 10:44 PST
عالمی ادارۂ صحت ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ اگر بحر ہند میں آنے والے بدترین طوفان کے متاثرین کو اگر طبی امداد اور پینے کا پانی بروقت نہ پہنچایا گیا تو اتنی ہی تعداد میں بیماروں سے ہلاک ہو سکتے ہیں
ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر ڈیوڈ نیبرو نے کہا ہے کہ اگر لوگوں کو ضروریات زندگی وقت پر نہ ملیں تو ہلاکتوں کی تعداد دگنی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ہلاکتوں کا باعث وبائی اور دوسری بیماریاں ہوں گی۔ انہوں نے کہا وبائی امراض سے بچنے کے لیے صرف دوائیں نہیں بلکہ پینے کا صاف پانی، خوراک اور رہنے کی جگہ بھی چاہئے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر نے کہا ادارے کو بچوں اور بڑی عمر کے لوگوں میں دستوں اور پیٹ کی دوسری بیماریوں کے بارے میں زیادہ تشویش ہے۔ اس کے علاوہ سانس کے امراض، ملیریا اور گردن توڑ بخار کی وبائیں بھی خطرناک ہو سکتی ہیں۔
اس طوفان نے ایک ہی وقت میں دس ملکوں میں تباہی مچائی ہے۔ متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کی امداد کا کام جاری ہے۔