Monday, 27 December, 2004, 07:54 GMT 12:54 PST
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک اہم شیعہ سیاسی جماعت کے صدر دفتر کے باہر کار بم کا دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک حکومتی ترجمان کے مطابق 13 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہوگئے ہیں۔
اسلامی انقلاب کی سپریم کونسل کے دفاتر کے باہر ہونے والے اس کار بم حملے میں شیعہ رہنما عبدالعزیز الحاکم بچ گئے ہیں۔
عراق میں جنوری کی تیس تاریخ کو انتخابات ہو رہے ہیں لیکن ان سے پہلے ملک میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اسلامی انقلاب کی سپریم کونسل ان انتخابات میں اہم جماعت کے طور پر اپنا کردار ادا کرے گی۔
اس جماعت کے بانی اور آیت اللہ باقر الحکیم کے بھائی گزشتہ سال اگست میں نجف میں کار بم حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے میں سو کے قریب افراد مارے گئے تھے۔
بی بی سی کے نامہ نگار نے شیعہ جماعت کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حملہ بھی عراق میں اگلے ماہ کے انتخابات سے پہلے عدم استحکام پیدا کرنے والے واقعات کی ایک کڑی ہے۔
تاہم شیعہ رہنما عبدالعزیز الحاکم نے اپنے پیروکاروں سے کہا ہے کہ وہ اس حملے کا انتقام نہ لیں کیونکہ ان کی جماعت نے عدم تشدد کا راستہ اختیار کیا ہے۔