Sunday, 26 December, 2004, 14:20 GMT 19:20 PST
سونامی کا لفظ جاپانی زبان کا لفظ ہے جو سمندر کی سطح کے نیچے آنے والے زلزلوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی لہروں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اس قسم کی لہریں مختلف رفتار سے سفر کرتی ہیں لیکن ان کی رفتار شروع میں بہت زیادہ ہوتی ہے جو بعد میں آہستہ آہستہ کم ہوتی جاتی ہے۔ یہ لہریں جب ساحل سے ٹکراتی ہیں تو ان لہروں کی شدت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔
انڈونیشیا کے مغربی علاقے سوماٹرا کے قریب آنے والا یہ زلزلہ اور اس سے پیدا ہونے والا طوفان انیس سو چونسٹھ میں الاسکا میں آنے والے طوفان کے بعد آنے والا سب سے بڑا طوفان ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ اس زلزلے نے سمندر کی تہہ میں ایک ہزار کلو میٹر طویل شگاف ڈال دیا ہو گا۔
بحرالکاہل میں جہاں سونامی لہروں کے باعث آنے والے طوفان عام ہیں، علاقے کے لوگوں کو خبردار کرنے کے لیے نظام موجود ہے۔ لیکن بحر ہند کے ساحلوں پر واقع ممالک میں اس قسم کا کوئی نظام موجود نہیں ہے کیونکہ بحر ہند میں اس قسم کے طوفان عام طور پر نہیں آتے۔