Sunday, 26 December, 2004, 13:22 GMT 18:22 PST
افغانستان کے صدارتی انتخابات میں صدر حامد کرزئی کے طاقتور ترین حریف یونس قانونی نے ایک نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔
یونس قانونی نے کہا کہ ان کی جماعت کا نام ’نیو افغانستان‘ ہو گا اور وہ اپریل میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لے گی۔
تاجک رہنما یونس قانونی کا کہنا تھا کہ انہیں کرزئی کی نئی کابینہ میں وزیرِ دفاع کے عہدے کی پیشکش ہوئی تھی مگر انہوں نے سیاسی جماعت کی تشکیل کے لیے اسے رد کر دیا۔
افعان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ وہ یونس قانونی کے نئی جماعت کی تشکیل کے عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جماعت قومی بنیاد پر قائم ہونی چاہیے نہ کہ لسانی یا علاقائی بنیادوں پر۔
حامد کرزئی نے کہا کہ ’ ہمیں سیاسی جماعتوں کی ضرورت ہے کیونکہ ان کی غیر موجودگی سے لسانی سیاست جنم لیتی ہے‘۔
ہفتے کو کابل میں اپنے رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یونس قانونی نے صدر کرزئی کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ملک کی تشکیلِ نو کے لیے حکومت کی مثبت پالیسیوں کی حمایت کرے گی لیکن اگر انہوں نے کچھ غلط کیا تو ہم اس کے خلاف نہ صرف آواز اٹھائیں گے بلکہ جدوجہد بھی کریں گے۔
حامد کرزئی نے سات دسمبر کو افغانستان کے منتخب صدر کا حلف اٹھایا تھا۔ وہ 2001 میں طالبان حکومت کے بعد سے افغانستان کے عبوری صدر تھے۔
افغانستان میں پارلیمانی انتخابات اپریل میں ہوں گے جس کے نتیجے میں تشکیل شدہ پارلیمان کرزئی کی کابینہ کی توثیق کرے گا۔