Monday, 20 December, 2004, 17:32 GMT 22:32 PST
صدر جارج بش نے سال کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب میں یقین دلایا کہ آئندہ بجٹ میں امریکی فوج کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فنڈ فراہم کئے جائیں گے اور امریکی خفیہ اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔
اس پریس کانفرنس میں عراق کا ذکر کرتے ہوئے جارج بش نے کہا کہ عراق میں تیس جنوری کو ہونے والے انتخابات عراق کی آزادی کی طرف سفر کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراق میں ’دہشت گرد‘ جمہوری عمل کو درہم برہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیابی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
صدر بش نے روس کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن سے فروری میں سلواکیہ میں ملاقات کرنے والے ہیں۔