Saturday, 18 December, 2004, 13:41 GMT 18:41 PST
عراقی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بغداد کےشمالی قصبےدجیل میں ایک الیکشن آفس پر مارٹر بم حملے میں دو خواتین ہلاک اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں عراقی سکیورٹی فورس کے چھ ارا کین بھی شامل ہیں۔ یہ افراد الیکشن آفس کی حفاظت پر مامور تھے۔عراقی پولیس کو بیجی نامی قصبے سے دو عراقی مردوں کی لاشیں بھی ملی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پانچ مارٹر بم اس عمارت پر گرے جہاں عراقی عوام کو تیس جنوری کو ہونے والے انتخابات کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی تھیں۔
ایک اور واقعے میں شمالی عراقی شہر موصل میں ترک سفارت خانے کے کئی محافظوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔
ترک وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ محافظ بغداد میں ترک سفارت خانے کی حفاظت کے لیے جا رہے تھے جب ان پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں گاڑی کے ڈرائیور سمیت تین محافظ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔