http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 14 December, 2004, 19:13 GMT 00:13 PST

بی این پی کے سربراہ کی ضمانت

برٹش نیشنل پارٹی کے سربراہ کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔ نک گرفن کو نسلی منافرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ان کی گرفتاری بی بی سی کی ایک دستاویزی فلم نشر ہونے کے بعد عمل میں آئی تھی۔ یہ فلم خفیہ طور پر بنائی گئی تھی۔

بی این پی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ 45 سالہ گرفن کو منگل کی صبح نسلی منافرت پھیلانے کے شک میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اس سے قبل پارٹی کے تین ارکان پر نسلی نوعیت کا ہراس پھیلانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

جماعت کے بانی اور چیئر مین جان ٹنڈل کو اتوار کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ویسٹ یارک شیئر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ تین ارکان جمعرات کو عدالت میں پیش ہوں گے۔

پولیس نے جولائی میں بی بی سی کی دستاویزی ویزی فلم نشر کیے جانے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ اس فلم میں بی این پی کے ارکان کی سرگرمیاں خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اس فلم کے بعد نک گرفن گرفتار کیے جانے والے بارہویں شخص تھے۔