http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 11 December, 2004, 00:51 GMT 05:51 PST

صحافیوں کے لیے بہت برا سال

ایک تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران یہ سال صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے کارکنوں کے لیے سب سے ہلاکت خیز رہا ہے کیونکہ وہ دنیا کے مختلف علاقوں میں مسلح کارروائیوں کی رپورٹنگ میں مصروف رہے ہیں۔

میڈیا کی ایک تنظیم، دی کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) کا کہنا ہے کہ اس برس 54 صحافی ہلاک ہوئے۔ ان میں سے زیادہ تر عراق میں جنگ کے دوران اور فلپائن میں پر تشدد کارروائیوں میں مارے گئے ہیں۔

تنظیم کی سربراہ این کُوپر نے اسے المناک اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ سن چورانوے میں الجزائر، روانڈا اور بوسنیا کی جنگوں میں چھیاسٹھ صحافی مارے گئے تھے۔
سائمن کمبرز
بی بی سی کے لیے کام کرنے والے فری لانس صحافی جو ریاض میں شدت پسند کی گولی سے ہلاک ہوئے

انہوں نے کہا کہ اس سال عراق میں تیئس صحافی ہلاک ہوئے جبکہ فلسطین میں آٹھ صحافیوں کو ہلاک کیا گیا۔ سب ہی اپنے کام کے دوران ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس سال ہم نے ان عراقیوں کو بالواسطہ نشانہ بنتے ہوئے دیکھا ہے جو مغربی باشندوں کے ساتھ کام کرتے ہیں اور ان میں وہ عراقی بھی شامل ہیں جو مغربی ذرائع ابلاغ کے ساتھ وابسطہ ہیں‘۔