Sunday, 05 December, 2004, 11:13 GMT 16:13 PST
عراق میں امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ مزاحمت کاروں نے اُن سترہ عراقی شہریوں کو ہلاک اور تیرہ کو زخمی کردیا ہے جو تکریت میں ایک امریکی بیس پر کام کرنے کے لئے جارہے تھے۔
ایک امریکی ترجمان کے مطابق ان بسوں پر فائرنگ کی گئی جو ایک امریکی سویلین کمپنی کے لئے کام کرنے والے عراقیوں کو لے کر جارہیں تھیں۔
تکریت کے شمال میں بیجی کے قصبے کے قریب ایک خود کش کار بم حملے ایک مقامی کمانڈر سمیت عراقی نیشنل گارڈ کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔
یہ حملے عراق میں امریکہ کے سینئر فوجی کمانڈر جنرل جان ابی زید کے اُس بیان کے بعد ہوئے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شاید عراق کی سیکورٹی فورسز اگلے ماہ کے الیکشن میں مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کو روکنے کی مکمل صلاحیت نہیں رکھتیں۔
جنرل ابی زید نے خبردار کیا تھا کہ عراقی ابھی تک امریکی مدد کے بغیر سیکورٹی کے انتظامات نہیں چلا سکتے۔
سنیچر کے روز بغداد اور موصل میں ہونے والے مزاحمت کاروں کے حملے میں چالیس افراد مارے گئے تھے۔