http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 02 December, 2004, 07:57 GMT 12:57 PST

برغوثی پر الفتح کی کڑی نکتہ چینی

الفتح تنظیم نے مقید رہنما مروان برغوثی کے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔

مروان برغوثی کے اس فیصلے کی بنا پر غزہ اور مغربی کنارے کے علاقے میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

تنظیم کے ترجمان نےبرغوثی کے انتخابات میں شرکت کے اس فیصلے کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مروان فلسطینی یکجہتی کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

مروان برغوثی جو کہ الفتح کے ایک سابق رہنما ہیں تنظیم کے نامزد امیدوار محمود عباس کے خلاف آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

اس سال کے آغاز میں ایک اسرائیلی عدالت نے مروان برغوثی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ ان پر الزام ہے کہ وہ چار اسرائیلی فوجیوں اور ایک یونانی راہب کو ہلاک کرنے کی سازش میں شریک تھے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق مروان برغوثی یاسر عرفات کے بعد فلسطین کے سب سے مقبول رہنما ہیں۔

ادھر بدھ کو شدت پسند تنظیم حماس نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کر دیں۔