Thursday, 18 November, 2004, 07:26 GMT 12:26 PST
غزہ کی پٹی کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شدت پسندوں کے شبہ میں تین مصری پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق جنوبی غزہ میں ایک ٹینک نے ان پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں یہ تینوں اہلکار ہلاک ہو گئے۔
غزہ کے اس علاقے میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔
اسرائیلی دفترِخارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ مصر اور اسرائیل کی سرحد کےاس حصے میں پیش آیا جہاں در اندازی اور ہتھیاروں کی سمگلنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
اسرائیل کے نائب وزیرِ دفاع زیو بوئم نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے اس واقعہ کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کی جا رہی ہے۔