http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 15 November, 2004, 11:21 GMT 16:21 PST

امریکی افسر پر قتل کا الزام

عراق میں امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ایک امریکی افسر پر پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت ایک عراقی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

یہ عراقی شہری پہلے سے زخمی تھا۔

فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ لیفٹینٹ ایرک اینڈرسن نے اس عراقی کو بغداد کے نواح میں قتل کیا ہے۔ بیان میں اس واقعے کی مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔

عراق پر حملے اور قبضے کے بعد سے اب تک سات امریکی اور ایک برطانوی فوجی پر مختلف واقعات کے دوران عراقیوں کے قتل کے الزامات ہیں۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ دیگر بہت سے واقعات ابھی زیر غور ہیں۔

اس سے قبل ستمبر میں امریکی فوج نے کہا تھا کہ دو امریکی فوجیوں پر تین عراقی شہریوں کے سوچ سمجھ کر کئے گئے قتل کے لئے مقدمہ چلایا جائے گا۔

ان دونوں کے نام مائیکل ولیم اور برینٹ مے بتائے گئے تھے۔

امریکی فوج کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مزید تفصیلات شائع نہیں کی جاسکتیں کیونکہ جرائم کی تحقیقات کرنے والا فوجی ڈویژن معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔