http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 06 November, 2004, 15:31 GMT 20:31 PST

شدت پسندوں کے خلاف آپریشن

ہالینڈ کی حکومت نے ایک متنازعہ فلمساز کے قتل کے بعد اسلامی شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا عہد کیا ہے۔

تھیو وان گوغ نے ایک متنازعہ فلم بنائی تھی جس کا موضوع تھا اسلامی معاشرے میں عورتوں پر تشدد۔

انہیں گزشتہ ہفتے منگل کو ایمسٹرڈیم میں گولی مار کر اور چھرے کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد بہت سے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان سب کے بارے میں خیال ہے کہ یہ شدت پسند ہیں۔

ہالینڈ کے نائب وزیر اعظم نے کہا ہے کہ خفیہ اداروں کو اس سلسلے میں مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ممکن ہے کہ ایسے مشتبہ افراد کو ملک بدر کردیا جائے جن کے پاس دوہری شہریت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ محمد بی کے نام سے پہچانے والا ایک شخص اس واقعے کا سب سے اہم ملزم ہے۔ ان پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے موقع پر موجود ایک شخص اور ایک پولیس اہلکار کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔