Friday, 29 October, 2004, 12:57 GMT 17:57 PST
یورپی یونین کے رہنماؤں نے روم میں ایک شاندار تقریب کے دوران یورپی یونین کا نیا آئین منظور کرلیا ہے۔
ریاستی رہنماؤں نے اس آئین پر اسی کمرے میں دستخط کیے جہاں 1957 میں یورپی یونین کے قیام سے متعلق روم کا قدیم معاہدہ طے پایا تھا۔
تقریب سے قبل یورپی یونین کے لیے اطالوی کمشنر نے آئین پر کچھ اعتراضات اٹھائے تھے۔ ان کا تعلق کیتھولک فرقے سے ہے اور انہیں اس میں ہم جنسیت اور معاشرے میں خواتین کے کردار کے بارے میں کچھ نکات پر اعتراض تھا۔
تقریب میں ترکی، کروشیا، رومانیہ اور بلغاریہ کے رہنما بھی شریک تھے جو یونین میں شریک ہونے کے امیدوار ہیں۔
ای یو کے رہنماؤں کی حفاظت کے لیے تقریباً سات ہزار سکیورٹی اہلکار شہر بھر میں تعینات کیے گئے جبکہ ایف سولہ طیاروں کا ایک دستہ فضا میں موجود رہا۔
آئین پر دستخط کے باوجود تمام ممالک کو انفرادی طور پر ریفرنڈم یا پارلیمانی ووٹ کے ذریعے معاہدے کی توثیق کرنی ہوگی۔
نئے آئین کا مقصد ای یو کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اس کے ذریعے کئی پالیسیوں میں توسیع کی گئی ہے جس سے کئی ممالک اپنے ویٹو کا حق کھو دیں گے۔