Saturday, 16 October, 2004, 04:39 GMT 09:39 PST
امریکہ نے کہا ہے کہ تین یورپی ممالک ایران کو ایک ایسا منصوبہ پیش کریں گے جس میں تہران کے ایٹمی عزائم کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سفارتی حل ہوگا۔ یہ منصوبہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے اگلے ہفتے پیش کیا جائیگا ۔
کہا جارہا ہے کہ اس منصوبے میں ایران کے لیے تجارتی مراعات اور غیر فوجی استعمال کے لیے ایٹمی ایندھن کی فراہمی شامل ہیں۔
امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ٹام کیسی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ یورپی اتحاد کے تینوں (ممالک) نے اشارہ کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے اپنے منصوبہ ایران کو پیش کریں گے۔
ایران نے کہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن ہے اور صرف بجلی پیدا کرنے کے لیے ہیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار پال رینلڈز کے مطابق امریکہ اور یورپی یونین کے تینوں ممالک کے درمیان مذاکرات اس وقت ہوئے ہیں جب مغرب ایران کے جوہری منصوبے کے متعلق کافی مایوس ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار نے کہا ہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی یہ سمجھتے ہیں کہ اقوامِ متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے کی نومبر 25 کی میٹنگ سے پہلے یہ امید کی ایک کرن ہے۔