http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 05 October, 2004, 11:17 GMT 16:17 PST

طوفان گیا پر قیمتیں نہیں

سمندری طوفان آیون کی وجہ سے خلیج میکسیکو میں تیل کی پیداوار میں ابھی تک مسائل ہیں جن کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھ کر 50 ڈالر فی بیرل سے زیادہ ہو گئی ہے۔

طوفان کے گزرنے کے تین ہفتے بعد بھی تیل کی پیداوار میں کمی، کل پیداوار کا 29 فیصد یا چار لاکھ اسی ہزار بیرل یومیہ ہے۔

اس سے پہلے نائیجیریا میں بھی حال ہی میں تیل کی پیداوار سے متعلق غیر یقینی صورتحال رہی ہے۔ جبکہ اس وقت تیل کی عالمی پیداوار پہلے ہی اپنی حدوں کو چھو رہی ہے۔

ایشیائی تجارت میں امریکی ہلکے خام تیل کی قیمت 50.28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک تیل کی سب سے زیادہ قیمت کا ریکارڈ 50.47 فی بیرل رہا ہے۔ یہ ریکارڈ ایک ہفتے پہلے بنا تھا۔

ٹوکیو کے ایک تجزیہ نگار کے مطابق لوگ نائیجیریا اور عراق پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اوپیک کی پیداوار اپنی حد کو چھو رہی ہے۔ اور ایسے وقت میں امریکہ یا نائیجیریا کی تیل کی برآمد میں کمی سے عالمی منڈی میں سپلائی اور ڈیمانڈ کا توازن خراب ہو جائے گا۔

یہ دونوں ممالک مل کر 4.5 ملین بیرل یومیہ پیدا کرتے ہیں۔