http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 22 September, 2004, 04:43 GMT 09:43 PST

یوسف اسلام سے خطرہ

لندن سے واشنگٹن جانے والی پرواز میں ایک مغربی گلو کار کی جہاز میں موجودگی کی بنا پر پرواز کا رخ واشنگٹن کی طرف سے موڑ کر ایک اور ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا ہے۔

پرواز آدھے راستے میں تھی جب حکام کو معلوم ہوا کہ جہاز پر سابق گلو کار کیٹ سٹیونز بھی سوار ہیں جنہوں نے اسلام قبول کر کے اپنا نام یوسف اسلام رکھ لیا تھا۔ یوسف اسلام کا نام امریکہ کی ’واچ لسٹ‘ پر ہے۔

یوسف اسلام انیس سو ستر کی دہائی میں ایک کامیاب گلوکار تھے لیکن انہوں نے گلوکاری ترک کے اپنی زندگی اسلام کی تبلیغ کے لیے وقف کر دی ہے۔

اسلام کی تبلیغ کے لیے ان کی خدمات میں لندن میں ایک بہت بڑے اسلامی سکول کا قیام شامل ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یوسف اسلام کو امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں اور انہیں دوسری پرواز کے ذریعے واپس بھیج دیا جائے گا۔

چار سال قبل یوسف اسلام کو فلسطینوں کی حمایت کرنے کے الزام میں اسرائیل سے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

یوسف اسلام، جن کا پہلے نام سٹیفن جورجیو تھا، انیس سو ساٹھ اور ستر کے عشرے میں مقبول گلوکار تھے اورکیٹ سٹیونز کے نام سے مشہور تھے۔ ان کے چند مشہور گانوں میں ’وائلڈ ورلڈ‘، ’مارننگ ہیز بروکن‘ اور ’مون شیڈو‘ شامل ہیں۔