http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 16 September, 2004, 08:06 GMT 13:06 PST

دوامریکی ایک برطانوی اغوا

عراقی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ بغداد سے دو امریکی اور ایک برطانوی باشندے کو اغوا کرلیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ خیال کیا جاتا ہے کہ اغوا ہونے والے تینوں شخص عام شہری ہیں۔

ان تینوں افراد کو بغداد کے مرکز میں واقع ایک مکان کوعلی الصبح مسلح افراد نے ان کے گھر میں گھس کراغوا کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس گھر جہاں سے ان افراد کو اغوا کیا گیا ہے ایک کار بھی لاپتہ ہے۔

پہلے آنے والی اطلاعات کے مطابق اغوا ہونے والے تینوں افراد کا تعلق برطانیہ سے ہے۔

یہ مکان بغداد کے المنصور ڈسٹرکٹ میں واقع ہے جو کہ امراء کا علاقہ تصور کیا جاتا ہے اور جہاں زیادہ تر غیرملکی رہتے ہیں یا غیرملکی کمپنیوں کے دفاتر واقع ہیں۔

عراق میں گزشتہ کئی ماہ سے غیر ملکیوں کے اغوا کی ایک لہر آئی ہوئی ہے جس میں دو فرانسیسی جرنلسٹ اور دو اطالوی امدادی ارکان کا اغوا بھی شامل ہے۔

اب تک سو سے زیادہ غیر ملکیوں کو اغوا کیا گیا ہے۔