Thursday, 09 September, 2004, 06:05 GMT 11:05 PST
جکارتہ میں آسٹریلیا کے سفارت خانے کے باہر ایک زوردار بم دھماکہ ہوا ہے جس میں نو افراد کے ہلاک اور ایک سو ساٹھ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہے۔
آسٹریلیا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر ڈاؤنر نے کہا ہے کہ یہ کارروائی آسٹریلیا پر براہ راست حملہ ہے۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حملے کے پیچھے اسلامی شدت پسند گروہ جمیعہ اسلامیہ کاہاتھ ہو سکتا ہے۔
دھماکہ آسٹریلیا کے سفارت خانے کے سکیورٹی زون کے باہر ہوا جس سے سڑک پر بڑا گڑھا پڑ گیا ہے۔اور دھماکے کے نزدیک چھ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
آسٹریلیوی حکام کے مطابق ایمبیسی کا تمام سٹاف محفوظ ہے۔
بی بی سی کی نامہ نگار کے مطابق دھماکے سے تباہ ہونے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکل ہر طرف بکھرے پڑے ہیں۔ پولیس کا اندازہ ہے کہ دھماکہ ایک بم سے کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا اور امریکہ نے جکارتہ میں اپنے سفارت خانے کو ممکنہ بم دھماکے سے خبردار کر رکھا تھا۔