Wednesday, 08 September, 2004, 12:54 GMT 17:54 PST
امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے کہا کہ امریکہ ابھی بھی چاہتا ہے کہ بقول اس کے جوہری مواد کے بارے میں بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے پر ایران کے معاملے کو سلامتی کونسل میں اٹھانا چاہیے۔
کولن پاول بین الاقوامی جوہری ادارے آئی اے ای اے کی رپورٹ پر رد عمل دے رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ ایران نے یورینیم کی افژودگی میں کام آنے والے آلات کی پیداوار اور تجربے نہ کرنے کا با ضابطہ اعلان کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایران جوہری ہتھیاروں میں کام آنے والے یورینیم کی تیاری بند کر دے۔
ایران کی طرف سے آلات کی تیاری ختم کرنے کے اعلان کی اطلاعات اس وقت ملی ہیں جب آئی اے ای اے کے اجلاس میں چند روز رہ گئے ہیں جس میں معاملے کو سلامتی کونسل میں بھیجنے یا نہ بھیجنے کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔
امریکہ نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ وہ خفیہ طور پر جوہری پروگرام پر کام کر رہا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُر امن ہے۔