Sunday, 05 September, 2004, 07:42 GMT 12:42 PST
لبنانی شدت پسند تنظیم حزب اللہ کے رہنما شیخ حسن نصراللہ نے سلامتی کونسل کی طرف سے حزب اللہ کو ختم کرنے کی قرارداد مسترد کر دی ہے۔
شیخ حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی تجویز ’اسرائیل کی چال ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے خاتمے سے لبنان کمزور ہو جائے گا۔
شیخ حسن نصراللہ نے لبنان میں شام کی فوجوں کی موجودگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد شام کی فوج کی موجودگی سے ملک میں سلامتی کی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملی ہے۔
جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ حسن نصراللہ کہا کہ ’ہم موجودہ صورتحال میں شام کی فوجوں کی واپسی نہیں چاہتے‘۔
اس سے قبل سلامتی کونسل نے تمام غیر ملکی فوجوں کو لبنان سے چلے جانے اور جنگجو تنظیموں کو غیر مسلحہ ہونے کے لیے کہا تھا۔
سلامتی کونسل نے غیر ملکی طاقتوں کو لبنان کی خود مختاری کا احترام کرنے کے لیے بھی کہا۔
حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی قبضے کے خلاف اٹھارہ سال گوریلا جنگ لڑی جو سن دو ہزار میں اسرائیلی فوجوں کی واپسی پر ختم ہوئی۔