Wednesday, 01 September, 2004, 05:55 GMT 10:55 PST
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں سینکڑوں مشتعل لوگوں نے عراق میں بارہ نیپالیوں کے قتل کے خلاف مظاہرے کے دوران ایک جامع مسجد پر حملہ کر دیا اور مسجد کو نقصان پہنچایا۔ شہر میں ان واقعات کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
نیپالی مظاہرین مسجد پر حملہ کرتے وقت ’ہم بدلہ لیں گے‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ ایک فرانسیسی خبر رساں ادارے نے بعض ذرائع کے حوالے سے یہ دعوی کیا ہے کہ مسجد کو آگ لگا دی گئی۔ تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
کچھ مظاہرین نے حکومت کے خلاف بھی نعرے لگائے۔ انہوں نے حکومت کو یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ضروری اقدامات نہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
عراق میں بارہ نیپالی یرغمالیوں میں سے گیارہ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ ایک کا سر قلم کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ ان کی ہلاک کئے جانے کی تصاویر ایک ویب سائٹ پر شائع کی گئیں تھیں۔
دارالحکومت کھٹمنڈو میں مظاہرین نے مشرق وسطی سے تعلق رکھنے والی فضائی کمپنیوں اور ریکروٹنگ ایجنسیوں کے دفاتر پر بھی حملے کیے۔ مظاہرین نے وزارت محنت کے دفتر کو بھی نقصان پہنچایا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔