Tuesday, 31 August, 2004, 15:23 GMT 20:23 PST
پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے پر بچوں کی سمگلنگ کا الزام ثابت ہوگیا ہے جس کے بعد سات ستمبر کو لندن کی ایک عدالت میں انہیں سزا سنائی جائے گی۔
جوہان شاہ اور عالیہ کنول نے عدالت میں اعتراف کیا کہ وہ تین بچوں کو غیرقانونی طور پر برطانیہ لائے۔
جوہان اور عالیہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے ایک بچے کو راستے میں چھوڑ دیا اور ان کے پاس غیرقانونی پاسپورٹ بھی تھا۔
دونوں تین افغان بچوں کے ساتھ ایک میاں بیوی کی حیثیت سے ہیتھرو کے ہوائی اڈے پر گزشتہ مئی میں آئے تھے۔ انہوں نے ایک پاکستانی پاسپورٹ کا استعمال کیا جو عالیہ کنول نے جوہان شاہ کی بیوی اور اس کے تین بچوں کی ماں کی حیثیت سے حاصل کیا تھا۔
ان کا منصوبہ اس وقت ناکام ہوگیا جب ایک بچہ ہیتھرو کے ہوائی اڈے پر لاپتہ ہوگیا اور مقامی سیکیورٹی کے اہلکاروں نے پولیس کو خبر کردی۔
شاہ اور کنول بچے کے بغیر ہی ہوائی اڈے سے چلے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ آنیوالے دو بچوں کو برطانوی ایجنٹوں کے حوالے کردیا گیا اور اب ان کے بارے میں نہیں معلوم کہ وہ محفوظ ہیں یا نہیں۔
ہیتھرو ہوائی اڈے پر ہونیوالے واقعے کے چند دنوں بعد جب شاہ اور کنول بغیر بچوں کے واپس پاکستان جارہے تھے تو انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔