http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 24 August, 2004, 00:19 GMT 05:19 PST

اسرائیلی چیک پوسٹ اور خودکش حملے

اسرائیلی فوج کے ایک کمانڈر نے غرب اردن میں چیک پوسٹوں پر فلسطینیوں کے ساتھ کیے جانیوالے سلوک کو خود کش حملوں کی ایک وجہ قرار دیا ہے۔

گزشتہ چار برسوں کے دوران اسرائیل نے غرب اردن میں متعدد روڈ بلاک اور چیک پوائنٹ بنائے ہیں جہاں سے گزرتے وقت روزانہ اسرائیلی فوجی فلسطینیوں کی تلاشی لیتے ہیں۔

بماہانے نامی فوجی جریدے میں شائع ہونیوالے مضمون میں کرنل نوام ٹیبون نے کہا کہ کئی مشتبہ فلسطینی حملہ آوروں نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں انہیں اور ان کے رشتہ داروں کو بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کرنل ٹیبون نے جو کہ اسرائیلی نہال بریگیڈ کے کمانڈر ہیں کہا کہ اسرائیل کو روڈ بلاک اور چیک پوسٹوں کی ضرورت تو ہے لیکن اسرائیلی فوجی ایسے چیک پوسٹوں کو انسانوں کی طرح چلاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ’بدقسمتی سے ہم روڈ بلاک نہیں ہٹا سکتے لیکن ان کا انتظام انسانوں کی طرح تو کرسکتے ہیں۔‘

خبررساں ایجنسی اے پی کے مطابق غرب اردن میں تعینات اسرائیلی فوج کی میجر ڈومنِک اماراویتل نے جریدے کو بتایا کہ روڈ بلاک اسرائیلی فوجیوں کے لئے مشکل حالات پیدا کرتے ہیں۔