Sunday, 15 August, 2004, 10:28 GMT 15:28 PST
طالبان جنگجوؤں نے جنوبی افغانستان میں ایک حملے کے دوران کم از کم چھ افغان فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ کابل اور قندھار کی درمیانی شاہراہ پر میوند ڈسٹرکٹ میں ایک چوکی پر کیا گیا۔
طالبان کے ترجمان مفتی لطیف اللہ حکیمی نے تصدیق کی ہے کہ ان کے طالبان چھاپہ ماروں نے مذکورہ حملہ کیا ہے۔
دریں اثناء ہرات سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ گورنر اسمائیل خان کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کے دوران اب تک پچاس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ جھڑپیں شنداند کے ہوائی اڈے کے قریب ہوئی ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ہوائی اڈے پر کس کا کنٹرول ہے۔
گزشتہ دنوں ہرات میں گورنر کے حامیوں اور مخالفین میں شدید جھڑپوں کی اطلاعات تھیں جن کی شدت میں اب کمی بتائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ کابل کی حکومتی فوج بھی ہرات پہنچنا شروع ہو گئی ہے اور کہا جاتا ہے کہ جلد ہی وہ شنداند کے ہوائی اڈے کا کنٹرول سنھال لے گی۔