Saturday, 14 August, 2004, 03:00 GMT 08:00 PST
ایران نے اولمپک کے عالمی مقابلوں میں تمغہ جیتنے کا ایک یقینی موقعہ اس وقت ضائع کر دیا جب اس کے جوڈو کے کھلاڑی نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کے کھلاڑی کے ساتھ مقابلے کرنے سے انکار کر دیا۔
جوڈو کے عالمی کھلاڑی آرش مير اسماعيلی نے اسرائیلی کھلاڑی کے ساتھ مقابلہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔
ایران اسرائیل کے خلاف پابندیوں کے بارے میں بہت سخت پالیسی پر کاربند ہے اور ایرانی عوام پر اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کا رابطہ رکھنے پر پابندی عائد ہے۔
ایتھنز میں اسماعیلی کو اپنے پہلے ہی راونڈ میں اسرائیلی کھلاڑی ایکود واقس سے مقابلہ کرنا تھا جس سے انہوں نے انکار کر دیا۔
ایشیا کی جوڈو یونین کے حکام نے اسماعیلی کی مقابلوں سے دستبرداری کی خبر کی تصدیق کر دی ہے۔
کھیلوں کے ضوابط کے مطابق انہیں واپس ایران بھی بھیجا جا سکتا ہے۔