Tuesday, 03 August, 2004, 22:34 GMT 03:34 PST
برطانوی پولیس نے لندن اور تین دیگر شہروں میں چھاپے مار کر 13 افراد کو دہشت گردی کے شبہ میں گرفتار کیا ہے۔
ان افراد کو دہشت گردی کے قانون کے تحت لندن، ہرٹفورشائر، لیوٹن اور بلیک برن سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ان اشخاص کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں اور ان پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور تیاری میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ میٹروپولیٹن پولیس کے انسداد دہشت گردی کے عملے کو مقامی پولیس کی مدد بھی حاصل تھی۔
میٹروپولیٹن پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ان افراد کو پوچھ گچھ کے لئے سنٹرل لندن کے پولیس سٹیشن لایا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق پولیس گرفتار شدہ افراد کی رہائش گاہوں کی تلاشی لے رہی ہے اور اس کام کے مکمل ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت عمل میں آئی ہیں جب امریکہ میں ہائی الرٹ کے بعد برطانیہ کے وزیر اعظم ٹونی بلیئر پر کافی دباؤ ہے کہ دہشت گردی کے خطرہ کی شدت کے بارے میں اعلان کریں۔