http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 31 July, 2004, 19:28 GMT 00:28 PST

ایرانی منحرف ضمانت پر رہا

گستاخ رسول کے مقدمے میں موت کی سزا پانے والے ایرانی منحرف ہاشم آغاجری کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

درس و تدریس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے آغاجری کو دو ہزار دو میں ایک تقریر کرنے پر سزا ہوئی تھی۔ اس تقریر میں انہوں نے کہا تھا کہ مسلمان بندر نہیں ہیں کہ آنکھیں بند کر کے مذہبی رہنماؤں کی تقلید کریں۔

ایران کے اعلیٰ رہنما آیت اللہ خامنائی کے اصرار پر ان پر دوبارہ مقدمہ چلایا گیا اور دس روز پہلے انہیں پانچ سال قید سنائی گئی تھی جس میں سے دو سال معطل کر دی گئی۔

آغاجری نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں ضمانت پر رہا کیا جا رہا ہے اور سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

آغاجری تہران کے ایک کالج میں تاریخ کے پروفیسر ہیں۔ ان کی گرفتاری اور مقدمے کے دوران طلباء احتجاج کرتے رہے جس کی وجہ سے حکومت کو ان پر دوبارہ مقدمہ چلانا پڑا۔