Friday, 30 July, 2004, 19:45 GMT 00:45 PST
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کے تحت سوڈان کی حکومت کو تیس دن کے اندر دارفور میں سرگرم عرب نژاد ملیشیا کو غیرمسلح کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
امریکہ کی تیارہ کردہ قرارداد اسی وقت منظور کی گئی جب اس کے مسودے سے ’پابندی‘ کا لفظ نکال دیا گیا۔سلامتی کونسل کے دو ارکان‘ چین اور پاکستان ‘ نے قرارداد پر ووٹِنگ میں حصہ نہیں لیا۔
دوسری جانب سوڈان کی حکومت نے قرار داد منظور کیے جانے کی مذمت کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ماضی میں اقوام متحدہ کے جن معاہدوں پر اس نے دستخط کیے ہیں، یہ ان کے مطابق نہیں ہے۔
دارفور میں جنجاوید نامی عرب نژاد ملیشیا کے ہاتھوں لگ بھگ پچاس ہزار مقامی باشندے مارے گئے ہیں جبکہ ایک ملین سے زائد بےگھر ہوگئے ہیں اور پناہ گزیں کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔
قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان سے کہا گیا ہے کہ تیس دن کے اندر اس بات پر رپورٹ دیں کہ سوڈان کی حکومت جنجاوید ملیشیا کے خلاف کارروائی کررہی ہے یا نہیں۔
دارفور میں کام کرنیوالے ایک امدادی ادارے کے نمائندے نے بی بی سی کے نامہ نگار کو بتایا کہ قرارداد میں پابندیوں کی دھمکی نہ ہونے کی وجہ سے اس قرارداد کی کوئی اہمیت نہیں باقی رہ گئی ہے۔اس کا کہنا تھا: ”سلامتی کونسل کچھ نہ کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔”
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری کے فورا بعد سوڈان کے حکومت نے کہا ہے کہ اسے یہ قرارد قبول نہیں ہے۔