Wednesday, 07 July, 2004, 11:23 GMT 16:23 PST
تھائی لینڈ کے دو فارموں میں پرندوں کی بیماری برڈ فلو کے دو واقعات کی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ وہی وائرس ہے جو ایشیا میں چوبیس ہلاکتوں کی وجہ بنا تھا، جن میں آٹھ تھائی لینڈ میں ہوئی تھیں۔ وائرس نے ایشیا کی پولٹری کی صنعت میں تباہی پھیلا دی تھی۔
تھائی لینڈ کے نائب وزیرِ زراعت نیون چد چوب نے کہا ہے کہ ان فارموں پر مرغیوں کو ذبح کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء چین نے کہا ہے کہ مشرقی صوبے انہوئی میں بھی برڈ فلو کے وائرس کی اطلاع ملی ہے۔
ویتنام میں بھی اس بیماری کے پھیلنے کی اطلاعات ملی ہیں۔
نائب وزیرِ زراعت نے کہا کہ لیبارٹری ٹیسٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مرغیوں کو ایچ 5 این 1 ہی تھا۔ یہ وہ ہی وائرس ہے جو اگر انسانوں کو منتقل ہو جائے تو ان کی ہلاکت کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8000 کے قریب مرغیوں کو ذبح کر دیا گیا ہے تاکہ اس بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔