Wednesday, 30 June, 2004, 12:53 GMT 17:53 PST
امریکہ میں یہ معلوم کرنے کے لیے کہ وہاں پہنچنے والے پاکستانی القاعدہ کے تربیت یافتہ تو نہیں اب ان کے جسموں پر زخموں کے نشان تلاش کیے جارہے ہیں۔
اس نئے قانون کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا کوئی زخم القاعدہ کے ساتھ تربیت کا نتیجہ تو نہیں۔
امریکہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر تعینات عملے سے اس بات پر نظر رکھنے کے لیے کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کے جسم پر رسوں کی رگڑ یا کوئی دیگر غیر معمولی نشان تو موجود نہیں۔ اس حکم کا اطلاق امریکی شہریت رکھنے والے پاکستانیوں پر بھی ہوگا۔
سترہ جون کو جاری ہونے والے اس حُکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تربیت پانے والے افراد ’لازماً امریکہ میں غیر قانونی کارروائیاں کریں گے‘۔
امریکہ میں داخلی سلامتی کے محکمے کے حکام نے ایسوسی ایٹڈ پریس کوبتایا کہ امریکہ کو تربیتی کیمپوں سے متعلقہ خطرے کی کوئی تازہ اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے کہا اس طرح کے احکامات معمول کی بات ہے۔
حکم نامہ میں ہوائی اڈوں پر عملے کو کہا گیا ہے کہ وہ ایسے پاکستانیوں پر بھی نظر رکھیں جن کے سفر کا معمول مشکوک رہا ہے مثلاً وہ ایسے مختصر دوروں پر پاکستان جاتے رہے جن کا کاروبار یا نجی امور سے کوئی تعلق نہیں۔