Wednesday, 23 June, 2004, 07:44 GMT 12:44 PST
ایران میں یہ توقع بڑھ رہی ہے کہ شط العرب کی آبی گزرگاہ میں پیر کے روز پکڑے گئے آٹھ برطانوی نیوی کے ملاحوں کو جلد ہی رہا کر دیا جائے گا۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس معاملے کی تحقیق کرنے والی کمیٹی اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ یہ سیلرز غلطی سے ایرانی پانیوں میں داخل ہوگئے تھے۔
اس سے قبل ان سیلرز کو ایرانی ٹیلی ویژن پر ایرانی علاقے میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ بدھ کی شام تک ان لوگوں کو برطانوی سفارتخانے کے سپرد کر دیا جائے گا۔
ایران صدر محمد خاتمی کے ایک مشیر نے کہا تھا کہ اگر برطانوی سرکاری طور پر معذرت طلب کرے تو نیوی کے سیلرز کو چھوڑ دیا جائے گا۔
ان آٹھ سیلرز کو پیر کے روز شط العرب میں عراقی سرحد کے قریب گرفتار کیا گیا تھا اور نیوی کی تین کشتیوں کو قبضے میں لے لیا گیا تھا۔