Friday, 18 June, 2004, 01:38 GMT 06:38 PST
امریکی فوج نے عراق کی ابو غریب جیل میں قیدیوں کو اذیت پہنچانے کی تحقیقات کے لئے ایک فور سٹار جنرل کا تقرر کیا ہے۔
جنرل پال کرن اس تفتیشی عمل کی نگرانی کریں گے جس کا مقصد اس بات کا تعین کرنا ہے کہ بغداد کی جیل میں قیدیوں پر ٹارچر کرنے میں ملٹری انٹیلیجنس کا ہاتھ تھا یا نہیں۔
ان تحقیقات کی درخواست سب سے پہلے عراق میں امریکی فوج کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ریکارڈو سانچیز نے کی تھی۔
ادھر یہ اطلاعات بھی آئی ہیں کہ امریکی فوج نے مشتبہ دہشت گردوں کو وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ کے کہنے پر خفیہ مقامات پر رکھا تھا۔
جنرل کرن امریکی فوج کے ایک سینیئر افسر ہیں۔
امریکہ کا موقف رہا ہے کہ عراق میں تمام قیدیوں سے انسانی سلوک کیا گیا ہے۔
لیکن مارچ میں میجر جنرل اینٹونیو نے قیدیوں سے بدسلوکی پر ایک رپورٹ مرتب کی جس میں قیدیوں سے کیے جانے والے برتاؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔