http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 16 June, 2004, 12:06 GMT 17:06 PST

امن کی فاختہ اڑتے ہی مر گئی

سری لنکا میں بین الاقوامی مندوبین کے لئے منعقد کی جانے والی ایک تقریب اس طرح بد مزہ ہو گئی کہ اس میں امن کے نشان کے طور پر اڑائی جانے والی فاختہ اڑتے ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

گزشتہ ہفتے ہونے والی تقریب میں جیسے ہی پبلک سکیورٹی کے وزیر نے فاختہ کو ہوا میں اڑایا وہ ایک اینٹ کی طرح نیچے گری اور مر گئی۔

بی بی سی کے کیمرہ مین کے مطابق امن کی فاختہ ہوا میں بہت زیادہ نمی اور گرمی کے باعث ہلاک ہوئی ہو گی۔

سال کے ان دنوں میں سری لنکا میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جاتا ہے۔

کیمرہ مین سری یانتھا والپولا کے مطابق اقوامِ متحدہ کی تقریب میں مندوبین اور سیاستدانوں نے سات کے قریب فاختائیں اڑانی تھیں۔
اکثر فاختائیں بڑی خوبصورتی سے فضا میں اڑتی ہیں

’کیونکہ پرندوں کو ہوا میں شدید نمی میں تقریباً تیس منٹ تک انتظار کرنا پڑا اس لیے وہ بالکل بے جان ہو گئے تھے۔

’بدقسمتی سے جو پرندہ سفید دستانے پہنے ہوئے ایک فوجی نے پبلک سکیورٹی کے وزیر کو دیا وہ اڑتے ساتھ ہی مر گیا۔‘

اور ہوا میں فاتحانہ انداز سے اڑنے کی بجائے امن کی فاختہ ’اینٹ‘ کی طرح نیچے گری اور مر گئی۔

یہ واقعہ دوسرے حکومتی وزراء اور مندوبین کی موجودگی میں پیش آیا جن میں بحرالکاہل میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جیمز کیمبل کی موجودگی میں پیش آیا۔