Tuesday, 15 June, 2004, 03:17 GMT 08:17 PST
فرانس کے صدر ژاک شیراک نے کہا ہے کہ ان نیو نازیوں کا پتہ لگا کر انہیں سزا دی جائے گی جنہوں نے اسٹراسبرگ کے ایک قبرستان میں مسلمانوں کی تقریباً پچاس قبروں کی بے حرمتی کی ہے۔
پیر کے روز ان قبروں پر نسل پرست نعرے لکھے پائے گئے اور نازیوں کے سواستک نشان بنے ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ ایک علاقائی اسلامی رہنما کو مارنے کی دھمکی بھی درج تھی۔
ایک بیان میں صدر نے کہا کہ نفرت اور ظلم کے ایسے کام فرانسیسی اقدار کے منافی ہیں۔
مسلم قبروں کی بے حرمتی کا یہ واقعہ فرانس میں نسل پرست سرگرمیوں میں اضافے کی سمت ایک اور اشارہ ہے۔
فرانس کے وزیر داخلہ نے اسٹراس برگ میں مسلم رہنماؤں سے ملاقات کی جہاں انہوں نے مختلف عقائد کے ماننے والوں کے مابین ہم آہنگی بڑھانے کے لئے ایک کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔