Monday, 14 June, 2004, 02:50 GMT 07:50 PST
اسرائیلی ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اٹارنی جنرل نے وزیراعظم ایریئل شیرون کے خلاف رشوت لینے کے الزام میں کوئی فرد جرم نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
استغاثہ کی سفارش پر وزارت انصاف مسٹر شیرون اور ان کے بیٹوں کے خلاف بعض مالی معاملات میں ناجائز فوائد حاصل کرنے کے الزام میں مقدمہ قائم کرنے پر غور کر رہی تھی۔
مسٹر شیرون اور ان کے بیٹوں نے ہمیشہ ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔
چینل ٹین کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل مینی مازز نے ناکافی ثبوت کی بنا پر اس مقدمہ کو داخل دفتر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان خبروں پر اسرائیلی حکام کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
مسٹر مازز اپنے اس فیصلہ کا باقاعدہ اعلان آئندہ ہفتے کریں گے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر مسٹر شیرون پر فرد جرم عائد کر دی جاتی تو انہیں اپنے عہدہ چھوڑنا پڑتا۔