http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 14 June, 2004, 13:05 GMT 18:05 PST

مسلم ممالک سے کوفی عنان کی اپیل

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ تیس جون سے عراق میں اقتدار سنبھالنے والی عبوری انتظامیہ کی مدد کریں۔

سیکرٹری جنرل کے عراق میں خصوصی ایلچی لخدر براہیمی نے ترکی میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے اجلاس کےدوران ان کا بیان پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے کہا کہ عبوری انتظامیہ اپنی ذمہ داری نبھانے کی اہل ہے اور اسے کام کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔

استنبول میں او آئی سی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے سیکرٹری جنرل عبدالواحد بلکعزیز، نے ایک سخت تقریر کرتےہوئے ’اسلامی ممالک کی کثیر الجہتی اور ہر طرف پھیلی ہوئی جہالت پر تنقید کی‘۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک بے بسی کے احساس سے دبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کئی شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔