http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 07 June, 2004, 20:20 GMT 01:20 PST

ریگن کےلئے تعزیتی تقریبات کا آغاز

امریکہ کے سابق صدر رونلڈ ریگن کی معیت ریاست کیلی فورنیا میں ان کی صدارتی لائبریری میں رکھ دی گئی ہے جس کے ساتھ ہی پانچ روز کی تعزیتی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

اب اس معیت کو منگل کے روز واشنگٹن لے جایا جائے گا جس سے پہلے عوام خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آسکتے ہیں۔ ریگن ہفتے کے روز ترانوے بس کی عمر میں لاس اینجیلز میں انتقال کر گئے تھے۔

لائبریری میں ان کی معیت رکھے جانے کے بعد وہاں ایک دعا ئیہ تقریب ہوئی جس میں ان کی بیوں نینسی ریگن نے بھی شرکت کی۔

بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ تعزیتی تقریبات پانچ روز تک منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ امریکی عوام سابق صدر کو خراج عقیدت پیش کرسکیں۔

یہ تقریبات اس وقت عروج پر پہنچیں گی جب جمعے کے روز واشنگٹن میں نیشنل کتھیڈرل میں ان کی آخری سرکاری رسومات ادا کی جائیں گی جس کے بعد سابق صدر ریگن کی معیت کو واپس کیلی فورنیا لایا جائے گا جہاں انہیں صدارتی لائبریری میں دفن کیا جائے گا۔