http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 06 June, 2004, 11:33 GMT 16:33 PST

رمزفیلڈ کے دورۂ ڈھاکہ پر خاموشی

امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ نے بنگلہ دیش میں حکام کے ساتھ عراق میں امن قائم کرنے کے لئے ممکنہ امداد کے سلسلے میں بات چیت کی ہے تاہم اطلاعات کے مطابق انہوں نے براہ راست فوجی مدد نہیں مانگی۔

جمعے کے روز ان کی آمد سے پہلے ڈھاکہ میں ان کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا تھا جس میں عراق میں امریکی پالیسیوں کے مخالفت کی گئی تھی۔

وزیراعظم خالدہ ضیا سے بات چیت کے بعد ڈونلڈ رمزفیلڈ نے کہا کہ انہوں نے ملاقات کے دوران دنیا میں مختلف مقامات پر امن فوجی بھیجنے پر بنگلہ دیش کی خدمات کی تعریف کی۔

توقع کی جارہی ہے کہ ڈونلڈ رمزفیلڈ نے اس دورے کے دوران بنگلہ دیش سے عراق میں فوجی مدد کے لئے کہا ہے تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ بنگلہ دیش جو جنوبی ایشیا کے غریب ترین ممالک میں ہے۔ بیرونی دنیا میں مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر اپنی فوج بھیج چکا ہے۔