Saturday, 29 May, 2004, 12:19 GMT 17:19 PST
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مبینہ طور پر شدت پسندوں نے علیحدگی پسند تنظیم حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کے گھر پر رائفل گرینیڈ پھینکا ہے۔
میر واعظ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایاکہ بم گھر کی پہلی منزل پر لگا جس سے جزوی نقصان ہوا ہے۔ تاہم اس حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
اس حملے سے تین گھنٹے قبل سرینگر کی ایک مسجد میں میر واعظ کے ایک قریبی رشتہ دار مولوی مشتاق کو نامعلوم افراد نے گولی ماری تھی۔
ایک نا معلوم تنظیم قصاص المجاہدین نے مولوی مشتاق پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ میر واعظ کے گھر پر حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔
شدت پسند تنظیمیں حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے جنوری میں ان کے بھارت کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد سے نالاں ہیں۔