آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
قدرتی مناظر کا کہہ کر چینی بزرگوں کو قبرستان کی سیر کروا دی
چین میں حکام نے اس ٹور آپریٹر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں جس نے کچھ سینیئر شہریوں کو قدرتی مقامات کی سیر کرانے کے لیے بکنگ کی لیکن انھیں ایک قبرستان کی سیر کرانے لے گیا۔
سینیئر شہریوں کے ایک گروپ نے اس ٹور آپریٹر کے ساتھ اٹھارہ یوان (دو پاؤنڈ) فی کس بکنگ کی تھی۔
مقامی ٹورازم کمیشن کا کہنا ہے کہ اس کمپنی کے پاس ٹور آپریشنز کا مناسب لائسنس نہیں تھا۔
شہری حکومت نے کہا ہے کہ وہ ایسے رویے کی حوصلہ شکنی کے لیے اس کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
چین کے اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق زینگ نامی شخص نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ لانگیو نامی ٹریول ایجنسی نے ان سے رابطہ کر کے انھیں قدرتی مناظر کی سیر کی دعوت دی۔ انھوں نے اپنے دوستوں کو اس ٹور کے بارے میں بتایا اور ان کے تمام دوستوں نے بھی اس کی بکنگ کر لی۔
بس کی ویڈیو فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ سینیئر شہریوں کا یہ گروپ بس میں بہت خوش ہے۔ وہ قہقے لگا رہے ہیں اور گانے گا رہے ہیں۔
لیکن جب وہ اس ’قدرتی مقام‘ پر پہنچے تو وہ حیران رہ گئے کیونکہ وہ ایک قبرستان تھا۔
اس گروپ میں شامل ایک شخص نے مقامی میڈیاکو بتایا ’ہم سیاح ہیں، آپ نے ہمیں قبرستان کی سیر کرنے کا کیوں کہا؟‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مسٹر زینگ نے اس واقعے کی شکایت چانگکیونگ کی سیاحتی کمیٹی سے کی جنہوں نے تحقیق شروع کر دی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ لانگیو نامی ٹور آپریٹر کے پاس ضروری لائسنس نہیں ہے۔
چانگکیونگ کی مقامی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ایسے آپریٹروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جو شہر کا نام بدنام کر رہے ہیں۔
چین میں یہ پہلا ایسا واقعہ نہیں ہے جہاں ٹور آپریٹر کی کسی حرکت نے تنازعے کی شکل اختیار کر لی ہو۔ 2015 میں ایک چینی ٹور گائیڈ کا لائسنس اس وقت ختم کر دیا گیا تھا جب وہ سیاحوں کو ڈانٹتے ہوئے پکڑی گئی کہ انھوں نے زیادہ شاپنگ کیوں نہیں کی ہے۔ یہ سارا واقعہ کیمرے کی آنکھ میں ریکارڈ کر لیا گیا تھا۔